3

پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام کی فلم ’’ڈیئر مایا‘‘ سے بالی ووڈ میں انٹری

ماہرہ خان، صباقمر اور دیگر اداکاراؤں کے بعد اب اداکارہ مدیحہ امام بھی بالی ووڈ میں فنی سفر کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں اور وہ بھارتی ہدایتکار نسینہ بھٹناگر کی فلم ’’ڈیئر مایا‘‘ میں جلوہ گرہوں گی۔ فلم میں مدیحہ امام سمیت ماضی کی معروف اداکارہ منیشا کوائرالا اداکاری کرتی نظر آئیں گی جب کہ ہدایتکار سنینہ بھٹناگر کی بھی یہ پہلی فلم ہے جو ان کی ڈائریکشن میں بننے جارہی ہے۔

اداکارہ مدیحہ امام نے کہا کہ جب فلم میں کام کرنے کی پیش کش کے لیے کال آئی تو مذاق سمجھا لیکن جب انہوں نے اسکائپ پربات کی تو یقین آیا جس پر خوشی سے پھولی نہیں سمائی، مجھے فلم کا اسکرپٹ بے حد پسند آیا تھا تاہم فلم میں کام کرنے کی حامی والدین کی اجازت سے مشروط کی تھی۔

مدیحہ امام نے کہا کہ فلم میں منیشا کے ساتھ کام کرنے پربہت زیادہ پر جوش ہوں، فلم میں میرا کردار16 سالہ لڑکی کا ہے جو بھارت کے علاقے شملہ سے تعلق رکھتی ہے، فلم کی کہانی بھی بہتر مستقبل کی تلاش کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مبنی ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ 2016 میں شیڈول تھی۔

مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظرفلم کی تشہیر میں حصہ نہیں لے سکوں گی لیکن ہر شخص کے لیے اس کا وطن پہلے ہوتا ہے اور میرے لیے بھی پاکستان سب سے پہلے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں