38

اداکار سلمان خان ’’نامکمل شخصیت‘‘ قرار اور احساس کمتری میں مبتلا

اداکار سلمان خان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے، کسی بھی فلم میں ان کی موجودگی ہی اسے سپرہٹ بنانے کےلیے کافی ہوتی ہے۔ بالی ووڈ میں ’100 کروڑ کلب‘ کا رجحان شروع کرنے والے بھی سلمان خان ہی ہیں لیکن اتنے بڑے اداکار کا خود کو ’’نامکمل‘‘ کہنا آسانی سے ہضم نہیں ہوتا۔ سلمان اگر خود کا موازنہ عامر، شاہ رخ، اجے دیوگن اورہریتھک روشن سے کرتے تو بات سمجھ میں آتی لیکن انہوں نے سنیل گروور کے ساتھ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا موازنہ کرکے تمام لوگوں کو حیران کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران سنیل کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے سلمان نے کہا کہ دنیا میں بہت سے لوگ ہیں جو مجھ سے بھی اچھی اداکاری کرتے ہیں اور سنیل گروور ان ہی میں سے ایک ہیں۔

سلمان نے اپنی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی تشہیر کے حوالے سے حال ہی میں سنیل گروور کے ساتھ ایک اسپیشل پروگرام ’’سپر نائٹ ود ٹیوب لائٹ‘‘ کیا۔ سلمان نے اسی شو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شو کے دوران میں سنیل کی اداکاری دیکھ کر حیران رہ گیا اور اپنے آپ کو ان کے سامنے چھوٹا محسوس کرنے لگا۔

سلمان خان نے کہا کہ سنیل گروور نے شو میں ڈاکٹر مشور گلاٹی کا کردار ادا کیا تھا، وہ کامیڈی نہیں کررہے تھے صرف ایک کردارادا کررہے تھے لیکن ان  کی ٹائمنگ سے لے کر جملوں کی ادائیگی کا انداز تک، سب کچھ بہترین تھے، ’’میں ان کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکا اور انہیں دیکھ کر مجھے مزید محنت کرنے کا حوصلہ ملا۔ اس کے بعد سنیل گروور نے امیتابھ بچن کا کردار ادا کیا اور ان کی اداکاری میں اتنی بے ساختگی تھی کہ مجھے ایسا لگا جیسے میں سچ مچ ’بگ بی‘ کے سامنے بیٹھا ہوں۔ سنیل نے دوسرے اداکاروں کی طرح امیتابھ کی نقل نہیں اتاری بلکہ صرف اپنی اداکاری سے ان کا کردار نبھایا۔ اس وقت ان کی حقیقت پر مبنی اداکاری دیکھ کر مجھے لگا کہ میں ایک نامکمل اداکار ہوں اور مجھے مزید محنت کی ضرورت ہے۔‘‘

واضح رہے کہ سنیل اور سلمان کا یہ اسپیشل شو فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی تشہیری مہم کا حصہ تھا۔ قہقہوں سے بھرپور یہ شو جلد ہی بھارتی ٹی وی پر کپل شرما شو کی جگہ نشر کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں